27 اگست 2015 - 16:21
کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا نیٹ ورک پکڑا گیا

ایس ایس پی نوید خواجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار دہشتگرد محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے، اسکے ساتھ ساتھ انکا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں خلل ڈالنا تھا، اور وہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے تھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کاﺅنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار دہشتگردوں سے کل سے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ہونے والے دہشتگردوں نے بھارت کے مختلف حصوں سے تربیت حاصل کی اور دہشتگردوں کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کئے جانے والے دہشتگردوں میں شفیق پپو، خالد، جاوید لنگڑا اور محسن عرف عبدالجبار ٹینشن شامل ہیں، جاوید لنگڑا نے ملزمان کو تربیت اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور محسن عرف عبدالجبار نے مختلف کارروائیوں کا اعتراف بھی کیا ہے، گرفتار دہشتگردوں سے کل سے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

نوید خواجہ نے بتایا کہ کراچی میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی "را" سے آنے والی کروڑوں روپے کی فنڈنگ کے بینک اکاؤنٹ ملے ہیں، جو تاجروں، صنعت کاروں اور بلڈرز کے ناموں پر ہیں، اور دہشتگردوں کے ٹاﺅٹس میں کچھ بلڈرز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگرد محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے، اس کے ساتھ ساتھ انکا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں خلل ڈالنا تھا، اور وہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے تھے، لیکن انہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے، لیکن ابھی یہ نہیں بتا سکتے کہ دہشتگردوں کو کس جگہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ نوید خواجہ نے کہا کہ دہشتگردوں نے ہتھیاروں کے حوالے سے بھی بات کی ہے، اور ان کی نشاندہی پر کارروائی کی جائے گی اور ہتھیاروں کو برآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دہشتگرد نے وعدہ معاف گواہ بننے کی بھی پیشکش کی ہے۔

.......

/169